نئی دہلی،21؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے آج کہا کہ وہ بابری مسجد زمین تنازعہ معاملے میں الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج دینے والی درخواستوں کوفوری سماعت کے لئے درج کرنے کے معاملے میں فیصلہ لے گا۔بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے معاملے کو جلد درج کرنے اور ان پر سماعت شروع کرنے کی اپیل کی جس پر چیف جسٹس جے ایس کھیہر اور جسٹس ڈی وائی چندرچوڈ والی بنچ نے کہاکہ ہم اس کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔بی جے پی لیڈر نے اپنی دلیل میں کہا کہ الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اہم اپیلیں سپریم کورٹ میں سات سال سے زیر التواء ہیں اور ان پر جلد سماعت کی ضرورت ہے۔اپنی دلیل میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس جگہ پر بغیر کسی پریشانی کے پوجاکے ان کے حقوق پرعمل کے لئے انہوں نے پہلے بھی مختلف ایک عرضی دائرکی تھی۔الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے 2010میں اپنے حکم میں اتر پردیش کے ایودھیا کے 2.77ایکڑ متنازع علاقے کو تین حصوں میں بانٹنے کا حکم دیا تھا تین ججوں والی بنچ نے 2: 1کی اکثریت والے حکم میں کہا تھا کہ مذکورہ زمین کو تین فریقین سنی وقف بورڈ، نرموہی اکھاڑا اور رام للا کے درمیان تقسیم کردیاجائے۔